ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ’جنتا کرفیو‘ بھٹکل سمیت پورے ساحلی کرناٹکا میں کامیاب:بازارسمیت سڑکیں بھی سنسان اور ویران

’جنتا کرفیو‘ بھٹکل سمیت پورے ساحلی کرناٹکا میں کامیاب:بازارسمیت سڑکیں بھی سنسان اور ویران

Sat, 21 Mar 2020 21:37:54    S.O. News Service

بھٹکل:22؍مارچ(ایس اؤ نیوز)کروناوائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی تدبیر کے طورپر آج اتوار کو  ’جنتا کرفیو‘ کا اعلان کیاگیا تھا جو نہایت کامیاب رہا ، اس دوران   ہرکوئی اپنے  گھروں میں ہی دبکا رہا اور راستوں میں لوگوں کی چہل پہل بھی مکمل بند رہی۔  بھٹکل سمیت پورے ضلع اُترکنڑا  اور اطراف کے اضلاع بالخصوص اُڈپی مینگلور وغیرہ علاقوں میں بھی مکمل بند رہا اور بازار سمیت سڑکیں بھی سنسان اور ویران نظر آئیں۔

اس سے قبل کاروار ڈی سی دفتر میں سنیچر کو پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے  ڈپٹی کمشنر ہریش کمار نے بتایا تھا کہ کرونا  ایک وبائی مرض ہے ، ہمارے ملک میں یہ تیسرے مرحلے میں داخل ہونے جارہاہے، ان حالات میں لوگوں کےلئے ضروری ہے کہ وہ وائرس کے پھیلا ؤ کی سواری نہ بنیں۔ انہوں نے کہا تھاکہ جنتا کرفیو کے متعلق عوامی عمل کی نگرانی کی جائے گی ۔ اسی کے مطابق اگلاقدم اٹھاتے ہوئے پانچ سے زائد افراد کے ہجوم پرپابندی عائد کرنے کے سلسلے میں کارروائی کی جائے گی۔

ضلع ایس پی شیوپرکاش دیوراج نےعوام سے اپیل کی تھی  کہ  کہیں کوئی پروگرام یا  اجلاس طئے  ہیں انہیں ملتوی کریں ۔ کم سے کم ایک ہفتہ تک عوامی ہجوم نہ ہونے پائے۔ 

وائرس 72گھنٹے زندہ رہتاہے: کرونا وائرس کی عمر 8گھنٹے ہوتی ہے ‘ ایسی افواہیں سوشیل میڈیا پر وائر ل ہیں۔ مگر عوام چوکنا رہیں کہ کروناوائرس اسٹیل پر 72گھنٹے زندہ رہنے کی عالمی صحت ادارے کی رپورٹ جانکاری دیتی ہے۔ اس سلسلے میں ڈاکٹرس جو ہدایات دے رہے ہیں اس پر عمل کریں اور اسی پر اعتماد کریں۔ افواہوں پر دھیان نہ دینے کی بات ضلع پنچایت ایکزی کوٹیو آفسر محمد روشن نے کہی۔


Share: